علم اور عمل
عَنْ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ عَنِ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ اِنَّمَا اَنَا اَخَافُ عَلیٰ ہٰذِہِ الْاُمَّۃِ کُلَّ مُنَافِقٍ یَّتَکَلَّمُ بِالْحِکْمَۃِ وَیَعْمَلُ بِالْجَوْرِ۔
(بیہقی فی شعب الایمان)
ترجمہ: حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں اس امت پر ہر منافق (کے شر) سے ڈرتا ہوں جو باتیں تو علم وحکمت کی کرے لیکن کام اس کا ظلم وجور کا ہو۔
دین فطرت
عَنْ اِبْنِ عَبَّاسٍ قَالَ قِیْلَ لِرَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اَیُّ الْاَدْیَانِ اَحَبُّ اِلیَ اللّٰہِ قَالَ: اَلْحَنِیْفِیَّۃُ السَّمْحَۃُ۔ (احمد، ادب المفرد، طبرانی)
ترجمہ: ابن عباس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا گیا: تمام دینوں میں اللہ کو سب سے زیادہ پیارا دین کونسا ہے؟ فرمایا: حنیفیت جو نہایت سہل اور آسان ہے۔
اللہ پر ایمان
عَنْ سُفْیَانَ بْنِ عَبْدِاللّٰہِ اَلثَّقَفِیْ قَالَ قُلْتُ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ! قُلْ لِّیْ فِیْ الْاِسْلاَمِ قَوْلًا لاَ اَسْأَلُ عَنْہُ اَحَدًا بَعْدَکَ قَالَ قُلْ اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ ثُمَّ اسْتَقِْم۔ (مسلم)
ترجمہ: حضرت سفیان بن عبداللہ الثقفی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے اسلام کے بارے میں ایسی بات بتادیجئے کہ آپؐ کے بعد پھر میں کسی سے اس کے بارے میں کچھ نہ پوچھوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہو اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ (میں اللہ پر ایمان لایا) پھر (اسی پر) جمے رہو۔